وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش کیے جانے کا امکان، قومی اسمبلی اور سینیٹ کو سمری ارسال
06-04-2026
(لاہورنیوز) حکومت نے آئندہ مالی سال 27-2026 کا وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بجٹ اجلاس 10 جون کی شام 5 بجے بلانے کی تجویز ہے، بجٹ کیلئے قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاس کی سمری بھجوا دی گئی۔ گزشتہ روز حکومت اور پیپلزپارٹی کی مشاورتی نشست میں بڑا بریک تھرو ہوا، دونوں جماعتوں کے درمیان پبلک سیکٹر ڈوپلپمنٹ پروگرام کا حجم بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، پی ایس ڈی پی کا حجم تقریباً 200 ارب روپے بڑھایا جائے گا۔ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے قبل وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی ہوگا۔وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں بلایا جائے گا، کابینہ کے اجلاس میں وفاقی بجٹ پر بریفنگ دی جائے گی، کابینہ سے منظوری کے بعد بجٹ دستاویز اسمبلی میں پیش کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ چند روز قبل صدر مملکت آصف علی زرداری نے بجٹ اجلاس 5 جون کو طلب کرنے کی منظوری دی تھی، بعدازاں بجٹ اجلاس کی تاریخ تبدیل کر دی گئی۔