لیسکو میں ملازمین کی حاضری کیلئے موبائل ایپ متعارف، پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز
06-04-2026
(ویب ڈیسک) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے افسران اور ملازمین کی حاضری کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔
اس سلسلے میں کمپنی نے ایمپلائی سیلف سروس (ESS) موبائل ایپ کے ذریعے حاضری لگانے کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر دیا ہے، لیسکو انتظامیہ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں اس منصوبے کا نفاذ لیسکو ہیڈکوارٹرز، آئی ٹی سینٹر اور عزیز بھٹی ڈویژن میں کیا گیا ہے، جہاں افسران اور ملازمین اپنی حاضری ای ایس ایس موبائل ایپ کے ذریعے درج کر سکیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ای ایس ایس موبائل ایپ کے ذریعے اٹینڈنس مینجمنٹ سسٹم کا نفاذ ادارے میں شفافیت، سہولت اور جدید انتظامی نظام کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، اس اقدام سے حاضری کے عمل کو مزید مؤثر، آسان اور قابلِ نگرانی بنایا جا سکے گا۔ لیسکو انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ پائلٹ منصوبے کے دوران بائیو میٹرک حاضری کا موجودہ نظام بھی بدستور برقرار رہے گا تاکہ نئے نظام کی کارکردگی اور افادیت کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔