ہونہار سکالرشپ پروگرام کیلئے 33 ارب 25 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز
06-04-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں وزیراعلیٰ ہونہار سکالرشپ پروگرام کیلئے 33 ارب 25 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دے دی۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق پروگرام کے تحت پنجاب بھر کے ذہین اور مستحق طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ پروگرام وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق نوجوانوں کی تعلیمی معاونت اور اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے شروع کیا گیا ہے، جس کیلئے رواں مالی سال میں ریکارڈ فنڈز تجویز کیے گئے ہیں۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، اوکاڑہ، ساہیوال سمیت صوبے کے متعدد اضلاع کے طلبہ اس سکالرشپ پروگرام سے مستفید ہوں گے۔ حکومت نے ہونہار سکالرشپ پروگرام کو وزیراعلیٰ کے اہم فلاحی منصوبوں میں شامل کرتے ہوئے اسے نوجوانوں کی تعلیمی ترقی کیلئے ایک اہم اقدام قرار دیا ہے۔ حکام کے مطابق پروگرام کا مقصد مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم رہ جانے والے باصلاحیت طلبہ کو تعلیمی مواقع فراہم کرنا اور صوبے میں انسانی وسائل کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔