ہائبرڈ سولر سسٹمز کی بڑھتی پیداوار، بجلی کا ریکارڈ مرتب کرنے کا فیصلہ

06-04-2026

(ویب ڈیسک) ملک میں ہائبرڈ اور آف گرڈ سولر سسٹمز کے بڑھتے استعمال کے پیش نظر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے ان سسٹمز سے پیدا ہونے والی بجلی کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہائبرڈ پالیسی کے تحت سولر سسٹم سے بجلی پیدا کرنے والے صارفین پر خصوصی سٹڈی کی جائے گی تاکہ قومی سطح پر بجلی کی پیداوار اور کھپت پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جا سکے، اس سلسلے میں لیسکو، فیسکو اور آئیسکو میں گزشتہ تین برس کے دوران سولر سسٹمز سے ہونے والی بجلی کی پیداوار کا ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آف گرڈ اور ہائبرڈ سولر سسٹمز کے ذریعے بجلی پیدا کرنے والے صارفین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث قومی گرڈ سے بجلی کے استعمال میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے، ہائبرڈ سسٹمز استعمال کرنے والے صارفین براہِ راست ڈسکوز کے نیٹ ورک سے منسلک نہیں ہوتے، اس لئے ان کی پیداوار اور استعمال کے اعداد و شمار الگ سے جمع کرنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ حکام کے مطابق ہائبرڈ سسٹمز سے مجموعی بجلی کی پیداوار، قومی گرڈ پر اس کے اثرات اور مستقبل کی توانائی پالیسی کے حوالے سے جامع مطالعہ کیا جائے گا، بڑھتی ہوئی پیداوار اور صارفین کے رجحان میں اضافے کے باعث متعلقہ اداروں  نے باقاعدہ ریکارڈ مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نیٹ میٹرنگ پالیسی میں تبدیلیوں اور اس کے مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے بعد متعدد صارفین نے ہائبرڈ سولر سسٹمز کی تنصیب کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے، جس کے نتیجے میں آف گرڈ بجلی کی پیداوار میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔