ساتھیوں کو بے ہوش کرکے 80 لاکھ کا سونا چوری کرنیوالا ملزم گرفتار

06-04-2026

(لاہور نیوز) پولیس نے 80 لاکھ روپے مالیت کے سونا چوری کیس میں مطلوب ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملت پارک پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ملزم بالاج عرف بالی کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے واردات سے قبل اپنے ساتھی کاریگروں کو نشہ آور چیز کھلا کر بے ہوش کیا اور بعد ازاں 334 گرام 790 ماشے سونا لے کر موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ واردات کے بعد ملزم روپوش تھا جسے پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چوری کیے گئے سونے کی مالیت تقریباً 80 لاکھ روپے تھی، جس کا ملزم کے خلاف تھانہ پرانی انارکلی میں مقدمہ نمبر 1562/24 درج  کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔