کم بجلی استعمال کرنے والے سولر صارفین پر زیادہ فکسڈ چارجز لگانے کی تجویز
06-04-2026
(ویب ڈیسک) حکومت نے صنعتوں کیلئے نیا بجلی ٹیرف لانے کا منصوبہ تیار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق بجلی کے کم استعمال پر بھاری چارجز عائد ہوں گے جبکہ زیادہ استعمال پر رعایت ملے گی، سولر پر منتقل ہونے والی صنعتوں کی حوصلہ شکنی کیلئے حکومت نے صنعتوں کیلئے نیا بجلی ٹیرف لانے کا منصوبہ تیار کر لیا، کم بجلی استعمال کرنے والی صنعتوں پر زیادہ فکسڈ چارجز لگانے کی تجویز ہے۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق نئی ٹیرف پالیسی آئندہ 2 ماہ میں نافذ ہونے کا امکان ہے، زیادہ بجلی استعمال کرنے والوں کو فی یونٹ سستی بجلی دینے کی تجویز ہے، صنعتی بجلی 6 سے 8 سینٹ فی یونٹ تک لائی جا سکتی ہے، نیا ٹیرف منصوبہ آئی ایم ایف کے ساتھ بھی شیئر کر دیا گیا، آئی ایم ایف نے بجلی کے استعمال اور گرڈ چھوڑنے والی صنعتوں کا ڈیٹا مانگ لیا۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ٹیرف کا اطلاق صرف صنعتی صارفین پر ہو گا، اگلے مرحلے میں کمرشل اور گھریلو صارفین تک توسیع دینے کا امکان ہے، نئی پالیسی سے بجلی کی طلب میں ایک ہزار میگاواٹ اضافہ ہونے کا تخمینہ ہے۔ حکام کا مؤقف ہے کہ قومی گرڈ کے اخراجات پورے کرنے کیلئے نئی پالیسی ضروری ہے، پالیسی کا مقصد صنعتوں کو قومی گرڈ استعمال کرنے کی ترغیب دینا ہے۔