برکت ٹاؤن نالے سے 20 سالہ لڑکی کی تشدد زدہ لاش برآمد
06-04-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے برکت ٹاؤن میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک نالے سے تقریباً 20 سے 21 سال عمر کی ایک نامعلوم لڑکی کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے خاتون کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کے ہاتھ پاؤں باندھے اور لاش کو نالے میں پھینک دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں پوسٹ مارٹم کے ذریعے موت کی اصل وجہ معلوم کی جائے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور جلد حقائق سامنے لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ پولیس نے قریبی سی سی ٹی وی فوٹیج اور ممکنہ گواہوں سے معلومات حاصل کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔