ایم اے او کالج کے قریب ٹریفک حادثہ، ایک شخص جاں بحق

06-04-2026

(لاہور نیوز) ایم اے او کالج کے قریب رات گئے پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ایک مزدہ ٹرک بے قابو ہو کر میٹرو بس ٹریک کے جنگلے سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد متاثر ہوئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں 28 سالہ کامران ولد جان محمد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا، ریسکیو ٹیموں  نے ضروری کارروائی کے بعد لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے دوسرے شخص کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اسے مزید علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ پولیس اور متعلقہ اداروں  نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔