پنجاب سوشل سکیورٹی میں پیپر لیس ورکنگ کے نفاذ کیلئے عملی اقدامات کا آغاز

06-04-2026

(لاہور نیوز) حکومت پنجاب کی ہدایات پر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن (PESSI) میں پیپر لیس ورکنگ کے نفاذ کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا۔

اس سلسلے میں کمشنر پنجاب سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل کی زیر صدارت ہیڈ آفس لاہور میں ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ہیڈ آفس کے تمام پرنسپل افسران  نے شرکت کی جبکہ پیپر لیس ورکنگ کے نفاذ اور اس پر عملدرآمد کے حوالے سے پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر سوشل سکیورٹی ذوالفقار علی کھرل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق سوشل سکیورٹی کے تمام دفاتر اور ہسپتالوں میں پیپر لیس ورکنگ کے نظام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، انہوں  نے افسران کو ہدایت کی کہ اس نظام  کے مؤثر، مکمل اور بروقت نفاذ کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔ انہوں  نے پنجاب بھر میں قائم سوشل سکیورٹی دفاتر اور ہسپتالوں کو پیپر لیس ورکنگ پر مکمل عملدرآمد کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے ڈیجیٹل نظام کے نفاذ کیلئے اپنی کاوشیں مزید تیز کریں۔ ذوالفقار علی کھرل کا کہنا تھا کہ جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے دفتری امور میں شفافیت، رفتار، جوابدہی اور مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے گا، ڈیجیٹلائزیشن سے فائلوں کی بروقت پراسیسنگ، فیصلہ سازی کے عمل اور انتظامی امور میں نمایاں بہتری آئے گی۔ کمشنر سوشل سکیورٹی نے مزید کہا کہ پیپر لیس ورکنگ کے ذریعے سرکاری امور کو زیادہ مؤثر، تیز رفتار، شفاف اور ماحول دوست بنایا جا سکے گا جبکہ کاغذی کارروائی میں نمایاں کمی سے ادارے کے سالانہ اخراجات میں بھی خاطر خواہ بچت ممکن ہو گی۔