پنجاب بھر سے 35 ہزار 216 غیرقانونی مقیم غیر ملکی باشندے ڈی پورٹ
06-04-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا عمل بدستور جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اب تک لاہور سمیت صوبے بھر سے 35 ہزار 216 غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جن میں 35 ہزار سے زائد افغان شہری بھی شامل ہیں، اس وقت 208 غیر قانونی مقیم افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں، جن کی قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں بھی واپس بھجوایا جائے گا۔ اعداد و شمار کے مطابق ڈی پورٹ کئے جانے والوں میں 13 ہزار 766 مرد، 7 ہزار 61 خواتین اور 14 ہزار 389 بچے شامل ہیں، واپس بھیجے گئے افراد میں 10 ہزار 954 ایسے افراد بھی شامل ہیں جن کے پاس رہائشی ثبوت موجود تھے، جبکہ 11 ہزار 131 افراد افغان سٹیزن کارڈ کے حامل تھے، اس کے علاوہ 13 ہزار 131 غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو بھی ڈی پورٹ کیا گیا۔ انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم نے صوبے بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین اور حکومتی پالیسی کے مطابق غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کے عمل پر عمل پیرا ہے۔ پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم افراد کی نشاندہی اور واپسی کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ اور کارروائیاں جاری ہیں۔