شاہراہوں کی کوالٹی چیکنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ
06-03-2026
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں جاری اور مکمل ہونے والی شاہراہوں کی کوالٹی چیکنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر انور، سپیشل سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز اور چیف انجینئرز نے شرکت کی جبکہ ایس ای اور ایکسیئنز نے آن لائن اجلاس میں حصہ لیا۔ اجلاس میں لوکل روڈ پروگرام کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور پروگرام کو رواں سال جون میں مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ جاری اور مکمل ہونے والی تمام شاہراہوں کی کوالٹی اور معیار کو ہر صورت چیک کیا جائے، چیف انجینئرز، ایس ای اور ایکسیئنز دفاتر تک محدود رہنے کی بجائے فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ منصوبوں کی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناقص میٹریل کے استعمال یا معیار میں کمی کی صورت میں سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔