سگیاں کے قریب دریائے راوی سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد
06-03-2026
(لاہور نیوز) سگیاں کے قریب دریائے راوی سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملنے پر غوطہ خور ٹیم موقع پر پہنچی اور کارروائی کرتے ہوئے لاش کو دریا سے نکال لیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملنے والی لاش کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی، تاہم ابتدائی اندازے کے مطابق متوفی کی عمر تقریباً 30 سال ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش پولیس کے حوالے کر دی۔ پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت اور موت کی وجوہات جاننے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔