ڈیفنس میں ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چوری ٹریس، باپ بیٹا گرفتار

06-03-2026

(لاہور نیوز) ڈیفنس کے علاقے میں عیدالاضحیٰ کے روز ہونے والی ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی چوری کی واردات کو پولیس نے ٹریس کرتے ہوئے باپ بیٹے کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ڈیفنس سی پولیس  نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو ٹبہ گوہاوا، جنوبی چھاؤنی اور بھٹہ چوک کے علاقوں سے گرفتار کیا، گرفتار ملزمان کی شناخت جوزف مسیح عرف ساگر اور اس کے بیٹے جمشید ساگر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان  نے پوش علاقوں میں چوری کی وارداتوں کیلئے منظم منصوبہ بندی کر رکھی تھی، ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان گوشت مانگنے والوں کا روپ دھار کر مختلف گھروں کی ریکی کرتے تھے اور گھروں کی بیل بجا کر رہائشیوں کی موجودگی یا عدم موجودگی کا جائزہ لیتے تھے۔ ترجمان کے مطابق جس گھر سے کوئی جواب موصول نہ ہوتا، ملزمان اسے واردات کیلئے ہدف بناتے تھے، عیدالاضحیٰ کے روز بھی اسی طریقہ واردات کے تحت ایک گھر میں چوری کی گئی، جہاں سے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان چوری کیا گیا، پولیس  نے ملزمان کے قبضے سے طلائی زیورات، قیمتی گھڑیاں، غیر ملکی کرنسی اور دیگر چوری شدہ اشیاء برآمد کر لی ہیں۔ مزید تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ جوزف مسیح عرف ساگر چوری، ڈکیتی، ناجائز اسلحہ اور نقب زنی سمیت 45 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم ہے، پولیس نے گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے، جبکہ ان سے مزید وارداتوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔