پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم جدید بنانے کا فیصلہ

06-03-2026

(لاہور نیوز) پنجاب صاف پانی اتھارٹی نے شکایات کے بروقت ازالے اور فیلڈ مانیٹرنگ کو مؤثر بنانے کیلئے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور 100 موٹر سائیکلز پر مشتمل خصوصی سکواڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا۔

یہ فیصلہ صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا، اجلاس کے دوران صوبہ بھر میں قائم واٹر فلٹریشن پلانٹس کی موجودہ فعالیت اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اتھارٹی کے سی ای او نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قائم کردہ ہیلپ لائن 1336 پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا، جیو ٹیگنگ اور تصاویر کے ساتھ مانیٹرنگ کا نظام بھی متعارف کروایا جا رہا ہے تاکہ فیلڈ آپریشنز کی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے۔ صوبائی وزیر بلال یاسین  نے پانی کے معیار کی جانچ کیلئے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے نظام کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور عوام کو صاف پانی کی فراہمی ان کا بنیادی حق ہے، اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں پنجاب صاف پانی اتھارٹی کی آئندہ حکمت عملی، سروس ڈیلیوری میں بہتری اور توسیعی منصوبوں پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ شہریوں تک صاف پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔