غیر نمونہ نمبرپلیٹس مہم، 1137 وہیکلز کے چالان
06-03-2026
(لاہور نیوز) سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے غیر نمونہ، جعلی اور بغیر نمبر پلیٹس گاڑیوں کے خلاف خصوصی مہم کے دوران دو روز میں 2,279 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی کی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق بغیر نمبر پلیٹس، غیر نمونہ اور "اپلائیڈ فار" نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی 1,137 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹس جاری کئے گئے، جبکہ فینسی نمبر پلیٹس اور ایکسائز کے مقررہ نمونے کے برعکس نمبر پلیٹس لگانے پر 455 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اسی طرح اگلی یا پچھلی نمبر پلیٹس کے ٹوٹے ہونے، نمبرز غیر واضح ہونے یا گاڑی کا ماڈل اور شناخت چھپانے پر 687 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے پر شہر کے مختلف تھانوں میں پانچ مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں، علاوہ ازیں معمولی خلاف ورزیوں پر سات ہزار سے زائد گاڑی اور موٹرسائیکل مالکان کو ٹریفک قوانین کے حوالے سے آگاہی اور رہنمائی فراہم کی گئی۔ سی ٹی او لاہور نے کہا کہ بغیر نمبر پلیٹ کار چلانے پر 3 ہزار روپے جبکہ موٹرسائیکل پر ایک ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، بوگس یا غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس، سرکاری نمونہ ظاہر کرنے والی جعلی پلیٹس اور غیر قانونی نیلی بتی استعمال کرنے والوں کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ گاڑی کی ملکیت منتقل کروانے کی صورت میں پرانے نمبر کی بجائے نیا یونیورسل نمبر استعمال کریں، بعض افراد ای چالان سے بچنے کیلئے نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرتے ہیں، جبکہ قانون شکن عناصر گاڑی کی شناخت چھپانے کیلئے جعلی نمبر پلیٹس کا سہارا لیتے ہیں۔