شیروانی ماپ کے مطابق سلائی نہ ہونے پر دکاندار کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ

06-03-2026

(لاہور نیوز) صارف عدالت میں شیروانی ماپ کے مطابق سلائی نہ کئے جانے پر دلہا ہاؤس بھاٹی گیٹ کے خلاف ایک لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا گیا۔

درخواست بھاٹی گیٹ کے رہائشی صفدر جٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جس پر عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو 15 جون کیلئے بحث کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ درخواست گزار کے موقف کے مطابق شادی کے موقع پر پہننے کیلئے اس کے سسرال والوں  نے شیروانی کا کپڑا فراہم کیا تھا، جسے سلائی کیلئے ایک ٹیلر کے سپرد کیا گیا، تاہم تیار ہونے والی شیروانی مقررہ ماپ اور سائز کے مطابق نہیں تھی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ناقص سلائی کی وجہ سے درخواست گزار کو ذہنی اذیت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جس پر دلہا ہاؤس بھاٹی گیٹ کے خلاف ایک لاکھ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا ہے۔ صارف عدالت آئندہ سماعت پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد مزید کارروائی کرے گی۔