شاہدرہ پولیس کی کارروائی، بچے سے موبائل چھیننے والا ملزم گرفتار
06-03-2026
(لاہور نیوز) شاہدرہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے چند روز قبل بچے سے موبائل فون چھیننے کی واردات میں ملوث متحرک سنیچر کو گرفتار کر لیا، ملزم کے قبضے سے چھینا گیا موبائل فون بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم نے دو روز قبل مین روڈ پر ایک بچے سے موبائل فون چھین کر فرار ہونے کی واردات کی تھی۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی جس میں ملزم کو موبائل چھیننے کے بعد فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے اے ایس پی شاہدرہ شاہزیب کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ تفتیشی ٹیم نے ملزم کا سراغ لگانے کے لیے درجنوں سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لیا اور جدید تفتیشی طریقوں کی مدد سے ملزم تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایس ایچ او شاہدرہ خرم شہزاد اور سب انسپکٹر نوید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم علی مہدی کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم راہ چلتے شہریوں سے موبائل فون اور پرس چھین کر فرار ہو جاتا تھا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے چھینا گیا موبائل فون برآمد کر لیا ہے جبکہ اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایس پی سٹی عاطف امیر نے متحرک سنیچر کی گرفتاری پر ایس ایچ او شاہدرہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔