رات گئے بارش کے بعد موسم خوشگوار، آج مزید بارش کا امکان

06-03-2026

(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہونے والی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

بادل برسنے اور آندھی آنے کے بعد شہریوں نے گرمی کی شدت سے کچھ حد تک سکھ کا سانس لیا ہے۔ آج صبح کے وقت آسمان پر بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا، جس کے باعث موسم معتدل اور خوشگوارمحسوس کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ فضا میں نمی کا تناسب 64 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان موجود ہے۔ ماہرین کے مطابق بارش کے باعث موسم خوشگوار رہنے کی توقع ہے۔ شہریوں نے بارش کے بعد موسم میں آنے والی تبدیلی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، جس سے گرمی کی شدت میں مزید کمی آئے گی۔