رواں سال پولیس فورس کی ویلفیئر پر 97 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ

06-03-2026

(لاہور نیوز) پنجاب پولیس نے اپنے ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی فلاح و بہبود کیلئے جاری اقدامات کے تحت رواں سال مختلف ویلفیئر پروگراموں پر 97 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس ملازمین کے بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایجوکیشنل سکالرشپس کی مد میں 30 کروڑ 17 لاکھ روپے سے زائد جاری کئے گئے، اسی طرح پولیس اہلکاروں کی بیٹیوں کی شادی کیلئے ویڈنگ گفٹ پروگرام کے تحت 26 کروڑ 13 لاکھ روپے سے زائد کی مالی معاونت فراہم کی گئی۔ ترجمان  نے بتایا کہ علاج معالجے کی سہولیات میں معاونت کیلئے 14 کروڑ 62 لاکھ روپے سے زائد رقم مختص کی گئی، جبکہ ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں پولیس ملازمین کو 13 کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد ادا کئے گئے۔ مزید برآں، پولیس ملازمین کے اہلخانہ کو گزارا الاؤنس کی مد میں 8 کروڑ 89 لاکھ روپے سے زائد فنڈز فراہم کئے گئے، جبکہ تدفین اخراجات کیلئے 2 کروڑ 65 لاکھ روپے جاری کئے گئے، فوری مالی امداد کی مد میں بھی 68 لاکھ 29 ہزار روپے سے زائد رقم مستحق اہلکاروں کو دی گئی۔ آئی جی پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس ویلفیئر فنڈ اور دیگر ویلفیئر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن کے ذریعے پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کی مشکلات کے ازالے اور فلاحی اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔