موٹر وے پر خاتون سے زیادتی، مجرموں کی سزا کیخلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ
06-02-2026
(محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کے مقدمے میں دو مجرموں کی سزا کیخلاف اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے اپیلوں پر سماعت کی، مجرم عابد ملہی اور شفقت بگا نے سزائے موت کے فیصلے کے خلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔ مجرموں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، ٹرائل کورٹ میں ہمارے موقف کو ٹھیک سے سنا نہیں گیا، عدالت ٹرائل کورٹ کا سزا موت کا فیصلہ کالعدم قرار دیکر رہا کرنے کا حکم دے۔ پراسیکیوٹر میڈم راحیلہ شاہد نے اپیلوں کی مخالفت کی اور کہا کہ اے ٹی سی نے درست فیصلہ دیا ہے، مجرموں کو میرٹ پر سزائے موت ہوئی، دونوں مجرموں کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں اپیلوں کو خارج کیا جائے، عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے دونوں مجرموں کو 20 مارچ 2021 کو زیادتی کے جرم میں سزائے موت کا حکم سنایا، دونوں مجرموں نے انسدادِ دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو 25 مارچ 2021 کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیا۔