نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لیول ٹو کوچنگ کورس، قومی کرکٹرز کی شرکت
06-02-2026
(لاہور نیوز) نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں لیول ٹو کوچنگ کورس کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں 29 شرکاء حصہ لے رہے ہیں۔
چھ روزہ کورس 7 جون کو اختتام پذیر ہو گا اور اس دوران شرکاء کو جدید کوچنگ اور کرکٹ کی جدید تکنیکوں سے آگاہ کیا جائے گا، کورس میں ٹیسٹ کرکٹرز فخر زمان، آصف خان آفریدی اور عثمان خان شنواری سمیت متعدد معروف کھلاڑی شریک ہیں، بین الاقوامی کرکٹر حسین طلعت بھی اس تربیتی پروگرام کا حصہ ہیں۔ کورس کے دوران شرکاء کو جدید کوچنگ فلسفے، جدید بیٹنگ تکنیکوں اور کرکٹ کے بدلتے ہوئے تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جائے گی، کھیل کے جدید تکنیکی اور حکمتِ عملی کے پہلوؤں پر بھی تفصیلی سیشنز منعقد کئے جائیں گے۔ تربیتی پروگرام میں سپورٹس سائیکالوجی، کمیونیکیشن سکلز، ایتھلیٹ مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کی ذہنی و جسمانی فٹنس سے متعلق موضوعات کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ مستقبل کے کوچز ہمہ جہت صلاحیتوں کے حامل بن سکیں، کورس کے دوران بائیو مکینکس کے کھیلوں میں کردار پر خصوصی لیکچرز اور عملی سیشنز بھی منعقد کئے جائیں گے، جن کے ذریعے شرکاء کو جدید سائنسی اصولوں سے روشناس کرایا جائے گا۔ لیول ٹو کوچنگ کورس نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی میڈیکل ٹیم کے ارکان کی نگرانی میں جاری ہے، جس کا مقصد قومی سطح پر کوچنگ کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔