پلانٹ فار پاکستان منصوبے کا 81 فیصد ہدف حاصل، 34.2 ملین پودے لگا دیئے گئے

06-02-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں ماحولیاتی بہتری اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات میں کمی کیلئے جاری "پلانٹ فار پاکستان" منصوبے کے تحت شجرکاری اہداف کے حصول میں نمایاں پیش رفت سامنے آئی ہے۔

محکمہ جنگلات کے مطابق منصوبے کا 81 فیصد ہدف مکمل کر لیا گیا ہے اور لاکھوں ایکڑ رقبے پر درخت لگائے جا چکے ہیں، منصوبے کے تحت 50 ہزار 869 ایکڑ رقبے پر شجرکاری کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جس میں سے اب تک 41 ہزار 345 ایکڑ پر شجرکاری مکمل کر لی گئی ہے، جبکہ 9 ہزار 524 ایکڑ رقبے پر شجرکاری کا کام ابھی باقی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق منصوبے کے تحت 42 ملین پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جن میں سے اب تک 34.2 ملین پودے لگائے جا چکے ہیں، جبکہ مزید 7.8 ملین پودے لگانا باقی ہیں، شجرکاری مہم کے دوران 36 ہزار 218 ایکڑ سرکاری اراضی پر درخت لگائے گئے ہیں، جبکہ 5 ہزار 127 ایکڑ نجی اراضی پر بھی شجرکاری کی گئی ہے، اس پیش رفت کے بعد محکمہ جنگلات اپنے مقررہ اہداف کے حصول کے انتہائی قریب پہنچ چکا ہے۔ ترجمان کے مطابق پنجاب میں سبزہ بڑھانے، جنگلات کے رقبے میں اضافے اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے بڑے پیمانے پر شجرکاری کا عمل جاری ہے، منصوبے کو مالی سال 2027-28 تک مکمل کیا جائے گا، جس کی مجموعی لاگت 8 ارب روپے ہے۔ محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے اثرات، درجہ حرارت میں اضافے اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے شجرکاری مہم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے تاکہ پنجاب کو زیادہ سرسبز اور ماحول دوست بنایا جا سکے۔