محرم الحرام :لاہور پولیس قیام امن کے لئے پوری طرح الرٹ ہے،سی سی پی او

06-02-2026

(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان کے قیام اور سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور نے کہا کہ لاہور پولیس محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لیے مکمل طور پر الرٹ ہے۔ انہوں نے حکومتی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے تمام افسران کو سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کا حکم دیا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس پی سکیورٹی نے فلیش پوائنٹس، حساس مقامات اور مجموعی سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سی سی پی او لاہور نے محرم الحرام کے دوران شہر کے ہاٹ سپاٹس کی کڑی نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر واقع بلند عمارتوں پر روف ٹاپ ڈیوٹیاں لگانے اور متعلقہ عمارتوں کے مالکان و مکینوں سے کلیئرنس سرٹیفکیٹس حاصل کرنے کا حکم بھی دیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ سی ٹی او کو محرم الحرام کے دوران جامع ٹریفک مینجمنٹ اور پارکنگ پلان مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا کہ شہریوں کی آمدورفت کو ہر ممکن حد تک سہل بنایا جائے۔ اس موقع پر سپروائزری افسران کو بجلی کے کھمبوں اور کرنٹ سے بچاؤ کے لیے خصوصی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ سی سی پی او لاہور نے ایس پی ہیڈ کوارٹرز کو ہدایت دی کہ ڈیوٹی پر مامور پولیس جوانوں کو بروقت کھانا اور ٹھنڈا پانی فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔ اجلاس میں ڈی آئی جیز، سی ٹی او، ایس ایس پی، ایس پی سکیورٹی، ایس پی ڈولفن، ایس پی ہیڈ کوارٹرز اور مختلف ڈویژنز کے ایس پیز نے شرکت کی اور محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات سے متعلق تجاویز اور اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔