داتا دربار کے اطراف نشیئوں اور بے گھر افراد کا بسیرا، مقامی آبادی میں تشویش

06-02-2026

(لاہور نیوز) داتا دربارکے اطراف نشے کے عادی افراد اور بے گھر شہریوں کی تعداد میں اضافہ، جس پر راہگیروں اور مقامی آبادی نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق بعض نشے کے عادی افراد کھلے عام نشہ کرتے نظر آتے ہیں، جس کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس صورتحال سے نا صرف علاقے کا ماحول متاثر ہو رہا ہے بلکہ زائرین اور راہگیروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب متعدد بے گھر افراد فٹ پاتھوں اور سڑک کنارے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ بنیادی سہولیات اور مناسب رہائش نہ ہونے کے باعث یہ افراد شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہریوں اور اہلِ علاقہ نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ نشے کے عادی افراد کی بحالی اور علاج کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ بے گھر افراد کے لیے پناہ گاہوں اور عارضی سائبانوں کا بندوبست بھی یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں محفوظ اور باوقار ماحول میسر آ سکے۔