پنجاب حکومت کا آئندہ مالی سال 2026-27 میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہ کرنے کی تجویز

06-01-2026

(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال 2026-27 کیلئے ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت کسی نئے ٹیکس کے نفاذ کی تجویز شامل نہیں ہو گی۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال میں صوبے کی مجموعی ٹیکس وصولیوں کا ہدف تقریباً 712 ارب روپے مقرر کئے جانے کا امکان ہے، ٹیکس آمدن میں سب سے بڑا حصہ سروسز پر جنرل سیلز ٹیکس کا ہو گا، جس سے 320 ارب روپے کی آمدنی متوقع ہے۔ بجٹ دستاویزات کے مطابق ایکسائز ڈیوٹی سے 128 ارب روپے، سٹامپ ڈیوٹی اور رجسٹریشن فیس سے 90 ارب روپے جبکہ سیلز ٹیکس سے 82 ارب روپے کی آمدنی حاصل ہونے کی توقع ہے، اسی طرح موٹر وہیکل ٹیکس سے 47 ارب روپے، بجلی سے متعلق ٹیکسز اور ڈیوٹیز سے 35.2 ارب روپے جبکہ لینڈ ریونیو کی مد میں 1.7 ارب روپے حاصل ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ بجٹ میں کسانوں، طلبہ اور مزدوروں کیلئے مختلف سبسڈی اور فلاحی پروگرام جاری رکھنے کی تجویز بھی شامل ہے، کسانوں کو ٹریکٹرز، سولر ٹیوب ویلز، سستے بیج، کھاد اور زرعی قرضوں پر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ تعلیمی شعبے میں طلبہ کیلئے لیپ ٹاپ سکیم، ہونہار سکالرشپ پروگرام اور الیکٹرک بائیک سکیم کو بھی برقرار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے تاکہ نوجوانوں کو تعلیم اور سفری سہولیات میں مزید معاونت فراہم کی جا سکے۔ علاوہ ازیں جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت صوبے کے ترقیاتی فنڈز کا کم از کم 35 فیصد حصہ جنوبی پنجاب کے منصوبوں کیلئے مختص رکھنے کی تجویز ہے۔