نئے کنکشنز کی بلنگ اور میٹر چینج آرڈر فیڈنگ فوری مکمل کرنے کا حکم

06-01-2026

(لاہور نیوز) لیسکو نے بلنگ اہداف پورے نہ کرنے والوں کیلئے سخت وارننگ جاری کر دی۔

لیسکو انتظامیہ نے نئے کنکشنز کی بلنگ اور میٹر چینج آرڈر فیڈنگ مکمل کرنے کا سخت حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماہ مئی کے بلنگ سائیکل کے اختتام تک زیر التوا کیسز پر سخت محکمانہ کارروائی ہو گی، لیسکو  نے نئے کنکشنز کی بلنگ نہ کرنے کو سنگین بدانتظامی قرار دے دیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو  نے تمام ایکسینز اور ایس ڈی اوز کو مقررہ وقت میں بلنگ مکمل کرنے، ایم سی او فیڈنگ میں تاخیر پر ذمہ دار افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی اور ڈائریکٹر کسٹمر سروسز کو ذمہ دار افسران و ملازمین کی چارج شیٹ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ لیسکو  نے بلنگ ماہ مئی 2026 کے اختتام پر زیر التوا کیسز کی رپورٹ طلب کر لی جبکہ نئے کنکشنز کی بلنگ میں غفلت برتنے والوں کے خلاف ایکشن کا عندیہ بھی دیدیا۔ نئے بجلی کنکشنز کی بروقت بلنگ نہ ہونے پر احتساب کا عمل شروع ہو گا، لیسکو انتظامیہ  نے صارفین کو فوری بلنگ سسٹم میں شامل کرنے پر زور دیا ہے۔ لیسکو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بلنگ کے عمل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، ماہانہ بلنگ سائیکل کے اختتام پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق لیسکو میں نیو کنکشنز کی بلنگ اور تبدیل شدہ میٹرز کے ایم سی اوز کئی کئی ماہ فیڈ نہیں کئے جاتے جبکہ نیو کنکشنز کی بلنگ اور ایم سی او فیڈ نہ ہونے کے باعث صارفین کو بلنگ نہیں ہو پاتی۔