کامیاب صفائی آپریشن، وزیراعلیٰ پنجاب کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد جمع
06-01-2026
(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ پر کامیاب صفائی آپریشن پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی۔
قرارداد مسلم لیگ ن کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی۔ قرارداد کے متن میں لکھا گیا کہ یہ ایوان عیدالاضحیٰ کے موقع پر کامیاب صفائی آپریشن پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے، یہ ایوان ستھرا پنجاب کے تمام ورکرز کی محنت اور ذمہ داری کو سراہتا ہے، یہ ایوان وزیر بلدیات ذیشان رفیق کو بھی بہترین کارکردگی پر شاباش دیتا ہے۔ متن میں کہا گیا کہ ستھرا پنجاب کے ورکرز نے انتہائی محنت، ذمہ داری اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیئے، پنجاب کے تمام شہروں اور دیہاتوں میں بلا تفریق صفائی کے انتظامات یقینی بنائے گئے، سڑکوں، گلیوں اور محلوں کی صفائی برقرار رکھنے کیلئے بھی خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ قرارداد میں موجود متن کے مطابق عرقِ گلاب اور فینائل کے استعمال سے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا گیا، عید الاضحیٰ پر صفائی آپریشن حکومت پنجاب کی بہترین انتظامی حکمتِ عملی کا مظہر ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست اقدام سے شہریوں کو نمایاں سہولت ملی ہے۔ متن میں مزید لکھا گیا کہ یہ ایوان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس عوام دوست اقدام کی مکمل حمایت کرتا ہے، یہ ایوان ستھرا پنجاب ٹیم کی کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیتا ہے، صاف ستھرا پنجاب، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کی عملی تصویر ہے۔