پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ کل کھیلا جائے گا
06-01-2026
(لاہور نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ون ڈے میچ کل قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
قذافی اسٹیڈیم پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ کی میزبانی کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان اہم مقابلہ کل کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 4:30 بجے شروع ہو گا جبکہ ٹاس شام 4 بجے کیا جائے گا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آج شام قذافی اسٹیڈیم میں تین گھنٹے کی پریکٹس کریں گی، پریکٹس سے قبل دونوں ٹیموں کا ایک ایک کھلاڑی میڈیا سے گفتگو بھی کرے گا، قومی ٹیم سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلئے پُرامید ہے، جبکہ آسٹریلوی ٹیم میچ جیت کر سیریز برابر کرنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ انتظامیہ کے مطابق میچ کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، سکیورٹی کلیئرنس، اسٹیڈیم کی تیاریوں اور برانڈنگ کا کام بھی مکمل ہو چکا ہے، پہلے میچ کے برعکس دوسرا ون ڈے ہائی سکورنگ ہونے کا امکان ہے کیونکہ قذافی اسٹیڈیم میں بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ تیار کی جا رہی ہے، جس سے بلے بازوں کو مدد ملنے کی توقع ہے۔