پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سمر کیمپس لگانے کی اجازت

06-01-2026

(لاہور نیوز) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں میں سمر کیمپس لگانے کی اجازت دے دی۔

محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق سمر کیمپس یکم جون سے 30 جون تک جاری رہیں گے، سمر کیمپس صرف پیر سے جمعرات تک صبح 7 بجے سے 10 بجے تک لگائے جا سکیں گے جبکہ جمعہ کے روز سمر کیمپ بند رہیں گے۔ حکام کا اِس حوالے سے کہنا تھا کہ تمام کلاسز کے طلبہ سمر کیمپس میں شرکت کر سکیں گے تاہم شرکت لازمی نہیں ہو گی اور والدین کی اجازت ضروری قرار دی گئی ہے۔ دوسری جانب محکمہ تعلیم  نے واضح کیا ہے کہ نجی سکول سمر کیمپ کے نام پر اضافی فیس وصول نہیں کر سکیں گے۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ تمام سرگرمیاں کلاس رومز اور ان ڈور ماحول میں کرائی جائیں جبکہ سکول انتظامیہ ٹھنڈے پانی، صفائی، پنکھوں اور بجلی کے بیک اپ کی فراہمی یقینی بنائے۔ حکام کا مزید کہنا تھا کہ سمر کیمپس میں شریک طلبہ کیلئے یونیفارم لازمی نہیں ہو گی اور موسم کے مطابق لباس پہننے کی اجازت دی جائے گی، محکمہ سکول ایجوکیشن  نے خبردار کیا ہے کہ حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔