فضائی آلودگی بچوں کے پھیپھڑوں پر کیا اثر ڈال رہی ہے؟جانئے

05-31-2026

(ویب ڈیسک)ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ فضائی آلودگی برطانیہ میں بچوں کے پھیپھڑوں کی نشوونما کو سست کر رہی ہے۔

سائنس دانوں نے پانچ ہزار سے زائد افراد کا پیدائش سے لے کر جوانی تک تفصیلی جائزہ لیا۔ان بچوں کے پھیپھڑوں کے ٹیسٹ پہلے آٹھ سال کی عمر میں کیے گئے، پھر 15 برس میں اور پھر 24 سال کی عمر میں، جب عام طور پر پھیپھڑے مکمل طور پر نشوونما پا چکے ہوتے ہیں۔     تحقیق کے دوران ماہرین نے بچوں پر فضائی آلودگی کے اثرات کا حساب لگایا، جس میں باریک زہریلے ذرات، ڈیزل گاڑیوں سے نکلنے والی آلودگی اور فوسل گیس بوائلرز سے پیدا ہونے والی نائٹروجن ڈائی آکسائیڈ شامل تھی۔ تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ حمل کے ہر مرحلے اور بچپن کے ہر سال میں بچوں کو کتنی آلودگی کا سامنا رہا۔ تحقیق کی سربراہ پروفیسر این ہینسل نے بتایا کہ ماہرین نے برسوں کی محنت سے حمل اور ابتدائی زندگی میں فضائی آلودگی کے اثرات کا تخمینہ تیار کیا، جس کے لیے برسٹل سٹی کونسل سے ٹریفک ڈیٹا حاصل کیا گیا۔