بجٹ 27-2026 میں ہائبرڈ گاڑیوں اور سولر پینلز پر سیلز ٹیکس 18 فیصد کرنے کا امکان

05-30-2026

(لاہورنیوز) آئی ایم ایف نے آئندہ وفاقی بجٹ میں ہائبرڈ اور الیکٹریکل گاڑیوں پر سیلز ٹیکس چھوٹ برقرار رکھنے کی درخواست ماننے سے انکار کر دیا۔

  ذرائع وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق آئی ایم ایف کے مطالبے پر آئندہ وفاقی بجٹ میں ہائبرڈ اور الیکٹریکل گاڑیوں پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ ہائبرڈ اور الیکٹریکل وہیکل پر سیلز ٹیکس چھوٹ ختم ہونے سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 45 ہزار گاڑیاں درآمد کی گئی تھیں، رواں مالی سال 40 ہزار تک محدود رہنے کا تخمینہ ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال 2026-27 بجٹ میں سیلز ٹیکس کی چھوٹ اور رعایتیں مزید محدود اور ختم ہوسکتی ہیں، ای وی پر سیلز ٹیکس 1 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد، ہائی برڈ گاڑیوں پر 8 فیصد کا رعایتی سیلز ٹیکس ختم کر کے 18 فیصد پر لایا جاسکتا ہے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ہائبڑد اور ای وی گاڑیوں سمیت سولر پینلز پر سیلز ٹیکس 10 سے بڑھا کر 18 فیصد کیے جانے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ رواں مالی سال جولائی سے اپریل کے دوران تقریبا 38 ہزار گاڑیاں درآمد کی جاچکی ہیں۔