لاہور میں عید کے تین روز کے دوران چوری و ڈکیتی کی 11 وارداتیں

05-30-2026

(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ کے تین روز کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں میں چوری اور ڈکیتی کی کم از کم 11 وارداتوں میں شہری کروڑوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان سے محروم ہو گئے۔

پولیس کے مطابق ڈیفنس سی کے علاقے میں چور ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم حسام یلماز کے گھر کی دیواریں پھلانگ کر داخل ہوئے اور الماریوں کے تالے توڑ کر ایک کروڑ 11 لاکھ روپے مالیت کے سونے کے زیورات، ڈائمنڈ سیٹ، ہار اور دیگر قیمتی اشیا چوری کر کے فرار ہو گئے۔ اسی علاقے میں گھر کی دیکھ بھال کیلئے رکھے گئے ملازمین پر دبئی میں مقیم خاتون کے گھر سے 25 لاکھ روپے مالیت کی چوری کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ گارڈن ٹاؤن میں چور تیمور نجم کے گھر سے ایک کروڑ 28 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور دیگر قیمتی سامان لے اڑے، جبکہ جنوبی چھاؤنی میں شرجیل کے گھر سے ان کی عدم موجودگی میں بیوی کے 28 لاکھ روپے مالیت کے زیورات چوری کر لئے گئے۔ چوہنگ کے علاقے میں گھریلو ملازمہ پروین پر مالک مکان خالد کے گھر سے 96 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کرنے کا الزام سامنے آیا ہے۔ سندر کے علاقے میں بھی ایک منفرد واردات رپورٹ ہوئی جہاں کام کے بہانے گھر میں داخل ہونے والی خواتین اور ان کے ساتھیوں  نے اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لوٹ لی۔ علاوہ ازیں سٹی رائیونڈ، باغبانپورہ، جنوبی چھاؤنی اور اچھرہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی چور گھروں کا صفایا کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی اور قیمتی سامان لے گئے۔ پولیس  نے مختلف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر شواہد کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے، عید کی تعطیلات کے دوران بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔