ریلوے پولیس ملازم بن کر مسافروں کو لوٹنے والا نوسر باز گرفتار
05-30-2026
(لاہور نیوز) ریلوے پولیس نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے مسافروں سے رقم بٹورنے والے ایک نوسرباز کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق ملزم عادل عباس ریلوے پولیس ملازم بن کر مسافروں سے کرایہ اور دیگر اخراجات کے نام پر رقم وصول کر رہا تھا، اطلاع ملنے پر ریلوے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے میانوالی ایکسپریس ٹرین سے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزم ماڑی انڈس سے لاہور آنے والی میانوالی ایکسپریس میں خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے مسافروں کو دھوکا دیتا اور ان سے غیر قانونی طور پر رقم وصول کرتا تھا۔ ریلوے پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ ریلوے لاہور میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں کو لوٹنے اور سرکاری اہلکار کا روپ دھارنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ریلوے پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص یا غیر قانونی مطالبے کی صورت میں فوری طور پر ریلوے پولیس سے رابطہ کریں۔