لاہور کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری، دیوار گرنے سے 2 افراد زخمی
05-30-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
لاہور کے مختلف علاقوں گڑھی شاہو، مال روڈ، ایبٹ روڈ سے ملحقہ علاقوں میں کالے بادل چھا گئے، بادل برسنے اور تیز ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا، گرمی کی شدت میں کمی سے شہریوں نے سُکھ کا سانس لیا۔ سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 30 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، چوک ناخدا میں 24 ملی میٹر جبکہ گلبرگ میں 7 ملی میٹر بارش ہوئی، اسی طرح لکشمی چوک میں 26 ملی میٹر، اپر مال پر 22 ملی میٹر اور مغلپورہ میں 23 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ تاج پورہ، گلشن راوی اور اقبال ٹاؤن کے علاقوں میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش اور ژالہ باری کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ ادھر لاہور کے علاقے واپڈا ٹاؤن میں آندھی اور بارش کے باعث رکشے پر دیوار گر گئی جس سے دو افراد زخمی ہو گئے جنہیں ریسکیو 1122 نے جناح ہسپتال منتقل کر دیا۔ دوسری طرف بارش کے باعث لیسکو کے 50 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی بند ہو گئی جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو نے کہا ہے کہ بارش رکتے ہی فیڈرز کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا، اس وقت لیسکو ریجن میں سپلائی ڈیمانڈ کے مطابق ہے۔