ویمن ٹی 20 سیریز: پاکستان اور ویسٹ انڈیز ٹیمیں آج مدمقابل آئیں گی
05-29-2026
(لاہورنیوز) آئرلینڈ میں ویمن ٹی 20 ٹرائی سیریز، پاکستان ویمن ٹیم اپنا پہلا میچ آج ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی۔
دونوں ٹیمیں رات 8 بجے ان ایکشن ہوں گی، قومی ویمن کپتان فاطمہ ثنا نے بہترین کارکردگی کی امیدیں وابستہ کرلیں۔پاکستان، ویسٹ انڈیز اور میزبان آئرلینڈ ویمنز ٹیموں کے درمیان سیریز کا آغاز جمعرات کو آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ سے ہوا، 4 جون تک کھیلی جانے والی سیریز کا مقصد 12 جون سے 5 جولائی تک انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل حتمی تیاری ہے۔ دوسری جانب پاکستان ویمن ٹیم نےسیریز کے لیے تیسرے روزجمعرات کوبھی ڈبلن کے آئرلینڈ کرکٹ ہائی پرفارمنس سینٹر میں بھرپورپریکٹس سیشن میں شرکت کی اورہیڈ کوچ و مینٹوروہاب ریاض کی زیرنگرانی مشقیں کیں۔ کوچنگ سٹاف کی معاونت سے کھلاڑیوں نے بیٹنگ اور بولنگ پریکٹس سیشنزمیں حصہ لیا، مشقوں کے دوران کھلاڑیوں کی فٹنس اور سکل بیسڈ ڈرلز پربھی بھرپورتوجہ دی گئی۔ قومی ویمن ٹیم فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ بہترین نتائج کی کوشش کی جائے گی، کوچنگ سٹاف کی مدد سے بھرپورمحنت کی ہے، سینئر اور نوجوان کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج سود مند ثابت ہوگا، پاکستان ویمن ٹیم سیریزمیں دونوں ٹیموں کے خلاف 2،2 میچز کھیلے گی۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ 31 مئی کو آئرلینڈ، تیسرا میچ 3 جون کو ویسٹ انڈیز اور چوتھا میچ 4 جون کو آئرلینڈ سے کھیلے گا، پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہنے والی ٹیم فاتح قرار پائے گی۔ پاکستان ویمنز سکواڈ میں فاطمہ ثناء (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، ارم جاوید ، منیبہ علی صدیقی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز شامل ہیں۔ رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن پر مشتمل ہے، ریزرو کھلاڑیوں میں امبر کائنات، مومنہ ریاست، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور ام ہانی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔