عیدالاضحی، بسیار خوری کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد ڈائریا اور گیسٹرو میں مبتلا
05-29-2026
(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی شہریوں کی بڑی تعداد بسیار خوری اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کے باعث ڈائریا، گیسٹرو اور معدے کی مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو گئی۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق میو ہسپتال میں گزشتہ روز سے اب تک ساڑھے تین ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے جبکہ جناح ہسپتال میں دو ہزار سے زائد مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، اسی طرح سروسز ہسپتال میں اٹھارہ سو سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔ جنرل ہسپتال اور گنگا رام ہسپتال میں بھی پندرہ سو سے زائد مریض معدے اور ہاضمے سے متعلق مختلف بیماریوں کے باعث زیر علاج رہے۔ طبی ماہرین کے مطابق عید کے موقع پر گوشت کا غیر متوازن استعمال، چکنائی والی غذاؤں کی زیادتی اور احتیاط نہ کرنا معدے کی بیماریوں میں اضافے کی بڑی وجہ بن رہا ہے۔ پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ گوشت اعتدال کے ساتھ اور سبزیوں کے ہمراہ استعمال کیا جائے، سلاد، دہی، لیموں اور سبزیوں کا استعمال ہاضمے کو بہتر رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ایک وقت میں دو سے تین چھوٹے ٹکڑوں سے زیادہ گوشت کھانے سے گریز کیا جائے جبکہ باربی کیو اور چکنائی والے گوشت کا زیادہ استعمال کولیسٹرول میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔ پروفیسر طیبہ وسیم کے مطابق شوگر کے مریض گوشت کم مقدار میں اور بغیر چکنائی کے استعمال کریں جبکہ میٹھے مشروبات اور کولڈ ڈرنکس سے پرہیز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائی بلڈ پریشر کے مریض نمک اور مصالحے والے گوشت کم کھائیں اور کلیجی یا زیادہ چکنائی والے حصوں سے گریز کریں، یورک ایسڈ کے مریض سرخ گوشت محدود مقدار میں استعمال کریں جبکہ دل کے مریض بکرے کے بغیر چربی والے گوشت کو ترجیح دیں۔