ایام حج کا چوتھا دن، حجاج کرام آج تینوں شیطانوں کی رمی میں مصروف
05-28-2026
(لاہور نیوز) حج 2026 کے مناسک جاری ہیں اور ایام حج کے چوتھے روز حجاج کرام آج تینوں شیطانوں (جمروں) کی رمی کر رہے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حج کا تیسرا فرض طوافِ زیارت اور واجب سعی کا عمل آج بھی جاری رہے گا، جمرات اور منیٰ کے 511 چوک سے سعودی شٹل سروس حرم آمدورفت کیلئے مسلسل دستیاب ہے جبکہ حجاج کرام آج رات بھی وادی منیٰ میں قیام کریں گے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے پاکستانی حجاج کو مشاعر مقدسہ میں نظم و ضبط اور صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے، منیٰ کے خیموں اور راستوں پر کولنگ اور صفائی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ وزیر مذہبی امور کے مطابق موسم کی شدت کے پیش نظر حجاج کرام کو دوپہر کے اوقات خیموں میں گزارنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہا جا سکے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حجاج کرام مکتب کے کڑے پر لگے کیو آر کوڈ کے ذریعے راستوں کی درست نشاندہی حاصل کر سکتے ہیں جبکہ ضعیف حجاج کی رہنمائی کیلئے منیٰ کے اہم مقامات پر پاکستان حج مشن کے گائیڈز 24 گھنٹے تعینات ہیں۔