آلائشوں سے پاک صاف لاہور ڈویژن کیلئے انتظامیہ متحرک، روڈ واشنگ کا عمل تیز

05-27-2026

(لاہور نیوز) کمشنر لاہور مریم خان نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر لاہور شہر اور قصور کا دورہ کرتے ہوئے صفائی آپریشنز اور آلائشوں کی بروقت منتقلی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

کمشنر لاہور  نے چیرنگ کراس، اندرون لاہور، جنوبی لاہور، قصور شہر اور نواحی علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی کیمپس، عارضی ڈمپنگ سائٹس، آلائشوں کی منتقلی اور عرقِ گلاب کے چھڑکاؤ کے عمل کا معائنہ کیا، اس دوران ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ فیلڈ میں متحرک رہی جبکہ صاف ستھرا اور آلائشوں سے پاک لاہور ڈویژن کیلئے خصوصی اقدامات جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی ورکرز علی الصبح سے شدید گرمی میں محنت اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں، جن کی خدمات قابلِ تحسین ہیں, کمشنر لاہور  نے لاہور اور قصور میں قائم عارضی ڈمپنگ سائٹس پر ویسٹ اپ لوڈنگ آپریشن کا بھی جائزہ لیا۔  کمشنر لاہور مریم خان کے مطابق عارضی کلیکشن سینٹرز اور ڈمپنگ سائٹس سے کوڑا کرکٹ اور آلائشیں شہر سے باہر مرکزی سائٹس پر منتقل کی جا رہی ہیں جبکہ بدبو کے خاتمے کیلئے لاہور اور قصور میں عرقِ گلاب کے چھڑکاؤ اور روڈ واشنگ کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ کمشنر لاہور  نے شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کے بعد آلائشوں کو ویسٹ بیگز میں ڈالیں اور گلی محلوں میں صفائی کا خاص خیال رکھیں، صفائی ورکر ہر دروازے پر دستک دے رہا ہے اور آلائشوں کو بروقت اٹھایا جا رہا ہے۔ انہوں  نے مزید کہا کہ کسی بھی شکایت یا اطلاع کیلئے شہری ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کر سکتے ہیں تاکہ فوری کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔