صفائی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے سیف سٹی کا آپریشن، شاہراہوں کی فضائی نگرانی
05-27-2026
(لاہور نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر خصوصی سرویلنس اور مانیٹرنگ پلان جاری کرتے ہوئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی، صفائی اور ٹریفک صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی شروع کر دی۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی انتظامات کی مؤثر نگرانی کیلئے سیف سٹی اور متعلقہ اداروں کے درمیان مشترکہ آپریشن جاری ہے، جبکہ سیف سٹی کی نشاندہی پر ویسٹ مینجمنٹ ٹیمیں فوری ٹارگٹڈ آپریشنز کر رہی ہیں جس سے صفائی کا عمل مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس بیسڈ سرویلنس سسٹم کے ذریعے صفائی آپریشنز، سکیورٹی اور ٹریفک کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، لاہور سمیت پنجاب بھر میں نصب سمارٹ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے آلائشوں، باقیات اور صفائی کی صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ سیف سٹی کنٹرول روم سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ اور کوآرڈینیشن برقرار رکھی جا رہی ہے تاکہ بروقت رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمان کے مطابق سیف سٹی کیمروں سے موصول ہونے والی تصویری رپورٹس کی بنیاد پر صفائی، ڈیوٹی چیکنگ اور دیگر انتظامی امور کی نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ سیف سٹی ڈرونز کے ذریعے ڈرینز، اہم شاہراہوں، مارکیٹوں اور حساس مقامات کی خصوصی فضائی نگرانی بھی جاری ہے۔