صارفین کو عید کی چھٹیوں کے دوران بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم
05-27-2026
(لاہور نیوز) عیدالاضحیٰ کے پہلے روز چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی انجینئر محمد رمضان بٹ نے ہیڈکوارٹر کنٹرول روم کا دورہ کیا اور افسران و ملازمین سے ملاقات کے دوران انہیں عید کی مبارکباد پیش کی۔
دورے کے موقع پر سی ای او لیسکو نے عید کے دنوں میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے کئے گئے انتظامات اور اقدامات کا جائزہ لیا، چیف انجینئر (پی آئی یو) ذوالفقار بلوچ نے سی ای او کو بجلی سپلائی اور آپریشنل انتظامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انجینئر محمد رمضان بٹ نے ہدایت کی کہ عید کے موقع پر صارفین کی شکایات کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، لیسکو ٹیم کی جانب سے بجلی کی فراہمی کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں اور عید کی چھٹیوں کے دوران صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی۔ سی ای او لیسکو نے کہا کہ اگر کسی علاقے میں تکنیکی خرابی یا ٹرانسفارمر کا مسئلہ سامنے آتا ہے تو متعلقہ ٹیمیں فوری طور پر رسپانڈ کریں گی اور بجلی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کے جانوروں کو بجلی کی تنصیبات یا ٹرانسفارمرز کے نیچے ہرگز نہ باندھیں جبکہ آلائشیں بھی بجلی کے کھمبوں اور ٹرانسفارمرز کے قریب نہ پھینکی جائیں کیونکہ اس سے بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔