صحت کا تحفظ اولین ترجیح، عیدالاضحیٰ پر ٹیمیں متحرک رہیں گی، سید موسیٰ رضا
05-27-2026
(لاہور نیوز) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا نے عید الاضحیٰ کے موقع پر تمام اہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے باسیوں کی صحت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی لئے عید کی چھٹیوں کے دوران بھی فوڈ سیفٹی ٹیمیں صوبہ بھر میں متحرک رہیں گی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق صوبہ بھر میں ایک ہزار 79 سویٹس یونٹس، 471 پارک کینٹینز اور سروس ایریاز میں قائم 124 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جبکہ لاری اڈوں اور ریلوے اسٹیشنز پر 282 اور مویشی منڈیوں میں 961 پوائنٹس کا بھی معائنہ کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ناقص اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنے پر 441 فوڈ پوائنٹس کو 21 لاکھ 62 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 26 یونٹس کو بند کر دیا گیا، کارروائیوں کے دوران 17 ہزار 109 کلو مٹھائیاں، 7 ہزار 490 انڈے، 450 کلو ایکسپائر اشیاء، 200 لٹر کولڈ ڈرنکس اور دو من ممنوعہ و ناقص اشیاء تلف کی گئیں۔ سید موسیٰ رضا نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر تمام افسران اور فوڈ سیفٹی ٹیمیں فیلڈ میں ہائی الرٹ ہیں اور سخت موسم، عید تہوار یا چھٹی کے باوجود بلا تعطل اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں، قربانی کا عمل صبر، ایثار اور اللہ کی رضا کیلئے اپنی خواہشات قربان کرنے کا درس دیتا ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی کہ عید کے دنوں میں اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں، متوازن غذا استعمال کریں اور زیادہ چٹ پٹے، مرچ مصالحے والے کھانوں، ٹھنڈے پانی اور کاربونیٹڈ ڈرنکس سے پرہیز کریں، انہوں نے مشورہ دیا کہ کھانا سونے سے کم از کم تین گھنٹے قبل کھائیں اور کھانے کے فوراً بعد سونے یا بیٹھنے کے بجائے چہل قدمی کریں تاکہ نظامِ ہاضمہ بہتر رہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غذائی آگاہی، گوشت محفوظ کرنے اور صحت بخش خوراک کے حوالے سے خصوصی اقدامات کئے ہیں اور شہری فوڈ اتھارٹی کے فیس بک پیج پر ماہرینِ غذائیت کی جاری کردہ ہدایات سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔