عید قربان پر گرینڈ صفائی آپریشن، عملے اور افسران کی چھٹیاں منسوخ
05-27-2026
(لاہور نیوز) عید قربان کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرینڈ صفائی آپریشن جاری ہے۔
ترجمان ستھرا پنجاب اتھارٹی کے مطابق صوبے بھر میں صفائی عملے اور افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ آلائشوں کی بروقت تلفی اور صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے، صوبہ بھر میں ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد ورکرز عید گرینڈ صفائی آپریشن پر تعینات ہیں، جبکہ 4 ہزار سے زائد یونین کونسلز میں زیرو ویسٹ ایکٹیویٹیز کیلئے صفائی عملہ متحرک ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 3800 سے زائد پرائمری کولیکشن سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ 310 مویشی منڈیوں میں صفائی ستھرائی کیلئے عملہ اور مشینری کو تین شفٹوں میں تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی آپریشن کیلئے 13 ہزار اضافی لوڈر رکشے اور پک اپس بھی فیلڈ میں موجود ہوں گے، جبکہ 40 ہزار سے زائد گاڑیاں ویسٹ اور آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے مصروفِ عمل رہیں گی۔ عید قربان کے دوران شہریوں کی سہولت کیلئے ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد ماحول دوست ویسٹ بیگز مفت فراہم کئے جائیں گے، اس کے علاوہ تمام اضلاع کو 21 لاکھ کلو چونا، ڈیڑھ لاکھ لٹر فینائل اور 38 ہزار لٹر عرقِ گلاب بھی مہیا کر دیا گیا ہے تاکہ صفائی اور جراثیم کش اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔ ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صفائی عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور آلائشوں کو مقررہ مقامات پر رکھ کر صوبے کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔