عیدالاضحیٰ ایثار، قربانی اور اطاعتِ الٰہی کا پیغام ہے، ملک محمد احمد خاں

05-27-2026

(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ایثار، قربانی اور اطاعتِ الٰہی کا پیغام ہے۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں  نے کہا کہ اعلیٰ مقصد کے حصول کیلئے اپنی خواہشات اور مفادات کو قربان کرنا سنتِ ابراہیمی ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم ایک بہتر اور مضبوط معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں، عید کی خوشیوں میں مستحق اور نادار افراد کو شریک کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ملک محمد احمد خاں  نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد، برداشت اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے، پوری قوم اپنے شہداء، افواجِ پاکستان اور وطنِ عزیز کیلئے خدمات انجام دینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں  نے شہریوں پر زور دیا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی، نظم و ضبط اور شہری ذمہ داری کا بھرپور مظاہرہ کریں تاکہ معاشرے میں مثبت اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی  نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت جاری رکھے گی۔ آخر میں انہوں  نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور قوم کو باہمی محبت، اتحاد اور بھائی چارے کی دولت سے مالامال کرے۔