ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے
05-27-2026
(لاہور نیوز) ملک بھر میں آج عید الاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر عید گاہوں اور مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، نماز عید کی ادائیگی کیلئے فرزندان اسلام نے کثیر تعداد میں شرکت کی، ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں، نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی ادا کی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں عیدالاضحیٰ کی نماز پڑھی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی لاہور میں عیدالاضحیٰ کی نماز پڑھی، ماڈل ٹاؤن پارک میں نماز عید قاری عبدالوحید نے پڑھائی، چیئرمین دنیا میڈیا گروپ میاں عامر محمود اور سی ای او دنیا میڈیا گروپ میاں حمزہ عامر نے نماز عیدالاضحیٰ پڑھی، جامعہ نعیمیہ میں نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی مولانا جاوید ہاشمی نے کروائی، گریٹر اقبال پارک میں نمازعید کی امامت علامہ ابتسام الٰہی ظہیر نے کی، باغ جناح میں نماز عیدالاضحیٰ کی ادائیگی ڈاکٹر عارف رشید نے کروائی، جامعہ مسجد منصورہ میں بھی نماز عید ادا کر دی گئی۔ جمعیت اہلحدیث سیکریٹریٹ لاہور توحید پارک یو ای ٹی سوسائٹی میں بھی عید الاضحی کی نماز ادا کر دی گئی، خطابت و امامت کے فرائض صدر جمعیت اہلحدیث پاکستان ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے سر انجام دئیے، عید گاہ میں کم و بیش 8 ہزار سے زائد مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر صدر جمعیت اہلحدیث پاکستان ڈاکٹر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ محض جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی، اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے مکمل اطاعت، تسلیم و رضا اور ایثار و وفا کے بے مثال جذبے کا عملی درس ہے، فلسفۂ قربانی ہمیں سکھاتا ہے کہ مسلمان اپنی خواہشات، مفادات اور انا کو اللہ تعالیٰ کی رضا کے تابع کر دے۔ انہوں نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ جن سنگین مسائل، بحرانوں اور چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، ان سے نکلنے کیلئے ہمیں حقیقی معنوں میں فلسفۂ قربانی کو اپنی اجتماعی و انفرادی زندگیوں میں اپنانا ہو گا، مسلم دنیا کو انتشار، فرقہ واریت، معاشی مشکلات، اخلاقی زوال، فکری یلغار، اسلاموفوبیا اور بیرونی سازشوں جیسے مسائل درپیش ہیں، جن کا مقابلہ صرف اتحادِ امت، دینی شعور، اخلاص، علم اور باہمی تعاون سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا اصل پیغام تقویٰ، اخلاص، صبر، برداشت اور اللہ تعالیٰ کی رضا کیلئے ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کا حوصلہ پیدا کرنا ہے، امت مسلمہ اگر قرآن و سنت کی تعلیمات کو مضبوطی سے تھام لے تو موجودہ چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کا مبارک موقع ہمیں اپنے اندر احتساب، اصلاحِ احوال، دینی وابستگی اور انسانیت کی خدمت کے جذبات کو فروغ دینے کی دعوت دیتا ہے، اور یہی فلسفۂ قربانی کا حقیقی پیغام ہے۔ ادھر مویشیوں کی خریداری کا فائنل راؤنڈ بھی رات گئے تک جاری رہا، کسی کو جانور مل گیا، کسی کی تلاش جاری رہی، منڈیوں میں بیوپاریوں نے جانوروں کی قیمتیں بڑھا دیں۔ خریداروں اور بیوپاریوں کے درمیان بھاؤ تاؤ رات گئے تک ہوتا رہا، بڑھتی مہنگائی نے لوگوں کیلئے من پسند جانور خریدنا مشکل بنا دیا، جنہوں نے جانور خرید لئے وہ خاطر مدارت میں مصروف رہے۔