اداکار فیصل قریشی کو ’لائف ٹائم اچیومنٹس ایوارڈ‘ مل گیا

05-26-2026

(ویب ڈیسک)پاکستان کے نامور فلم و ٹیلی ویژن اداکار فیصل قریشی کو ان کی شاندار فنی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ ان کے اعزاز میں کراچی میں ایک پروقار ٹریبیوٹ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شوبز انڈسٹری کی بڑی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

یہ تقریب آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور لائف اسٹائل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے آڈیٹوریم ون میں منعقد ہوئی، جہاں فیصل قریشی کے کیریئر، کامیابیوں اور فنی سفر کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں فنکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے محفل کو مزید رنگین بنا دیا۔ اس موقع پر شوبز انڈسٹری کے نامور فنکاروں کی موجودگی نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ شریک شخصیات میں لیجنڈ اداکار مصطفیٰ قریشی، عدنان صدیقی، بہروز سبزواری، ہمایوں سعید، صلاح الدین تنیو، شہزاد نواز، ہدایتکار سعید، گلوکار فاخر محمود، حنیف راجہ، مرزا اشتیاق بیگ، قونصل جنرل رومانیہ تنویر آفریدی، ندیم جعفری اور ٹیپو شریف سمیت متعدد نامور فنکار شامل تھے۔ تقریب کے دوران ایک شاندار میوزیکل پروگرام بھی پیش کیا گیا جس میں معروف گلوکاراؤں میرب جیوین، نرمیلا میگھانی، افشاں خان، شازیہ کوثر اور شبانہ کوثر نے اپنی سریلی آواز سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور سماعتوں میں رس گھول دیا۔