پنجاب کی جیلوں میں اسیران اور ملازمین کیلئے خصوصی سہولیات
05-26-2026
(لاہور نیوز) آئی جی جیل پنجاب کی جانب سے تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کو بھجوائے گئے مراسلے میں نظم و ضبط، سکیورٹی، اسیران کی فلاح و بہبود اور ملازمین کی سہولت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی۔
مراسلے کے مطابق عیدالاضحیٰ کے پہلے روز تمام اسیران کو اپنے قریبی رشتہ داروں سے ملاقات کی اجازت ہو گی، ملاقاتی مقررہ قواعد کے تحت کھانا بھی لا سکیں گے، ملاقات صرف والدین، بہن بھائی، بیوی، بیٹا اور بیٹی تک محدود ہو گی اور صرف انٹرویو شیڈ میں ہی کرائی جائے گی۔ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کیلئے مناسب شیڈ، پینے کا صاف پانی، بیٹھنے اور قطار بندی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں جبکہ عید کے دوسرے روز اسیران کیلئے صرف کھانا جمع کروانے کی اجازت ہو گی۔ مراسلے کے مطابق شدید گرمی کے پیش نظر اسیران کو حتی الامکان بارکوں اور سایہ دار مقامات پر رکھا جائے، پنکھوں، کولرز اور وینٹیلیشن کی فعالیت یقینی بنائی جائے اور ٹھنڈے پانی کی مسلسل فراہمی برقرار رکھی جائے۔ آئی جی جیل پنجاب نے بیمار، ضعیف العمر اور کمزور اسیران پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت بھی کی ہے، واچ ٹاورز اور اہم ڈیوٹی پوائنٹس پر پنکھوں کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ ملازمین کیلئے دوران ڈیوٹی ٹھنڈے پانی، لسی اور حفاظتی اشیاء کی فراہمی جبکہ جیل ہسپتالوں میں ہیٹ سٹروک روم فعال رکھنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔