اکنامک پالیسی اور بزنس ڈویلپمنٹ تھنک ٹینک نے شیڈوبجٹ پیش کردیا
05-26-2026
(ویب ڈیسک) اکنامک پالیسی اور بزنس ڈویلپمنٹ تھنک ٹینک نے شیڈوبجٹ 27-2026 جاری کردیا۔
شیڈوبجٹ 27-2026 ایف پی سی سی آئی کے تعاون سے احمد نواز سکھیرا کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔شیڈو بجٹ میں کہا گیا ہے کہ کارپوریٹ ٹیکس29 فیصد سےکم کرکے 25 فیصد کیا جائے، بینکوں کے علاوہ تمام کاروبار پرسپرٹیکس ختم کیا جائے، انٹرکارپوریٹ ڈیوڈینڈ پر ودہولڈنگ ٹیکس بھی ختم کیا جائے۔ شیڈو بجٹ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ کاروبار کرنے کی لاگت کم کی جائے، تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کی شرح 35 فیصد سےکم کرکے 20 فیصد کی جائے اور سالانہ 8 لاکھ تنخواہ پانے والوں سےکوئی ٹیکس نہ لیا جائے۔ بجٹ تجاویز میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کی کیٹیگریز 52 سےکم کرکے32کی جائیں، تین سال میں سیلزٹیکس کی شرح 18فیصد سےکم کرکے15فیصد کی جائے، نان فائلرز کیٹیگری کو ختم کیا جائے جبکہ ریٹیلرز، وینڈرز اور مرچنٹس کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ شیڈو بجٹ کے مطابق رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ٹیکسز کی شرح 5.5 فیصد سے کم کرکے یکساں شرح 0.5 فیصد مقرر کی جائے، ٹیکس ری فنڈ فوری طور پر ادا کیے جائیں اور عدالتوں میں 5700 ارب روپے کے مقدمات کا فوری فیصلہ کیا جائے۔ اس کے علاوہ اکنامک پالیسی اینڈبزنس ڈویلپمنٹ نے ایک صفحے پر مشتمل گوشوارہ فارم بھی متعارف کرادیا، ایف بی آر کی تنظیم نوکر کےکوالیفائیڈ، جوابدہ چیئرمین ایف بی آر3سال کیلئے تعینات کیا جائے، کسٹمز اور انکم ٹیکس کے علیحدہ علیحدہ بورڈ بنائے جائیں جبکہ ایف بی آر بورڈ میں نجی شعبے کو بھی شامل کیا جائے۔