ماہرین نے چقندر کے جوس کو معمر افراد کیلئے مفید قرار دے دیا
05-26-2026
(ویب ڈیسک) برطانیہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ چقندر کے جوس کا روزانہ ایک گلاس دل کی صحت بہتر بنانے اور بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ایکسٹر یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق نائٹریٹ سے بھرپور چقندر کا جوس منہ میں موجود بیکٹیریا میں مثبت تبدیلیاں پیدا کرتا ہے، جس کے نتیجے میں نائٹرک آکسائیڈ کی پیداوار بڑھتی ہے اور بلڈ پریشر کم ہونے میں مدد ملتی ہے۔ تحقیق میں 30 سال سے کم عمر 39 افراد جبکہ 60 سے 80 سال کے درمیان 36 افراد کو شامل کیا گیا، شرکاء کو دو مختلف مراحل میں چقندر کا جوس پلایا گیا، جن میں ایک مرحلے میں نائٹریٹ سے بھرپور جوس جبکہ دوسرے میں پلیسبو جوس استعمال کرایا گیا۔ ماہرین نے تحقیق کے دوران شرکاء کے منہ میں موجود بیکٹیریا کا جائزہ لیا اور معلوم کیا کہ چقندر کے جوس کے استعمال سے معمر افراد میں نقصان دہ بیکٹیریا کی تعداد کم جبکہ مفید بیکٹیریا کی سطح میں اضافہ ہوا۔ تحقیق کے مطابق جن معمر افراد کا بلڈ پریشر زیادہ تھا، ان میں چقندر کا جوس پینے کے بعد نمایاں کمی دیکھی گئی، ماہرین کا کہنا ہے کہ درمیانی عمر میں نائٹریٹ سے بھرپور غذاؤں کا استعمال بلڈ پریشر اور دل کے امراض سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ چقندر کے علاوہ پالک، سلاد پتے اور سونف میں بھی قدرتی نائٹریٹ پایا جاتا ہے، جو جسم میں نائٹرک آکسائیڈ بنانے کے عمل کو بہتر بناتا ہے۔