ایکسپو سینٹر: پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل، شاندار تقریب منعقد
05-25-2026
(لاہور نیوز) پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام ایکسپو سینٹر لاہور میں خصوصی اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تقریب میں میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ سن یان بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ تقریب میں پاکستانی اور چینی مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستانی اور چینی فنکاروں نے ثقافتی رنگوں سے بھرپور شاندار پرفارمنسز پیش کیں، جنہیں شرکاء نے خوب سراہا۔ صوبائی وزیر خزانہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے پاکستان کی معیشت میں سنگِ میل کردار ادا کیا ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں پاکستانی طلبہ چینی جامعات میں زیر تعلیم ہیں جبکہ چینی اساتذہ بھی پاکستانی یونیورسٹیوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تعلیمی روابط مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کا کہنا تھا کہ نئی ٹیکنالوجی کے دور میں پاک چین تعاون مزید وسعت اختیار کرے گا اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں مشترکہ ترقی کی نئی راہیں کھولیں گے۔