چیئرمین واپڈا کا تربیلا ڈیم کا دورہ، پانچویں توسیعی منصوبے کی بروقت تکمیل پر زور
05-25-2026
(لاہور نیوز) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد سعید نے چیئرمین ارسا امجد سعید کے ہمراہ تربیلا ڈیم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے پر جاری تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے کی مقررہ ٹائم لائنز کے حصول کے لیے مربوط کوششیں جاری ہیں، جبکہ اس کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ ورلڈ بینک اور ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی مالی معاونت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین واپڈا نے ہدایت کی کہ منصوبے کی مزید تاخیر کے بغیر تکمیل کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں تاکہ قومی توانائی ضروریات کو بروقت پورا کیا جا سکے۔ چیئرمین واپڈا نے تربیلا چوتھے توسیعی پن بجلی منصوبے کا بھی دورہ کیا اور منصوبے کے لو لیول آؤٹ لٹ کی ٹیسٹ کمیشننگ کا مشاہدہ کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لو لیول آؤٹ لٹ کی دستیابی خریف سیزن میں ارسا انڈنٹ کے مطابق صوبوں کو پانی کی فراہمی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ حکام نے مزید بتایا کہ تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے بجلی کی پیداوار مارچ 2018 میں شروع ہوئی تھی۔